ایس ایم تنویر نے محسن نقوی کے سامنے کاٹن ایکسچینج بلڈنگ کا معاملہ اُٹھا دیا

کراچی :(دنیا نیوز) یو بی جی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے کاٹن ایکسچینج بلڈنگ کامعاملہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے سامنے رکھ دیا۔

شہر قائد میں ہونے والی کراچی چیمبر آف کامرس کی  تقریب کے دوران محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کاٹن ایکسچینج وفد کو ملاقات کا وقت دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کل کاٹن ایکسچینج کے وفد اور بروکرز سے اہم ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب بلڈنگ کی دوبارہ بحالی کے لیے وفاقی وزیر داخلہ، ایس ایم تنویر اور ڈی جی ایف آئی اے کے درمیان بیٹھک کل ہوگی جب کہ کراچی میں کاٹن ایکسچینج بلڈنگ کی سیل کھولنے اور بحالی سے متعلق اہم فیصلہ کل متوقع ہے۔

علاوہ ازیں کاٹن ایکسچینج بلڈنگ کو ایف آئی اے کی جانب سے سیل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر نے کہا کہ گرین پاسپورٹ کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، وزیراعظم، فیلڈمارشل اور وزیرداخلہ کی کوششوں سے وقار ملا۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کو اللہ تعالیٰ نے انعام کی صورت میں بھیجا ہے، ملٹری لحاظ سے پاکستان ایشیئن ٹائیگر بن چکا، اب معاشی ٹائیگر بننا ہے، ایف بی آر کا ٹیکسوں کا نظام جارحانہ ہے۔

یو بی جی کے پیٹرن انچیف کا مزید کہنا تھا کہ 50 فیصد صنعت بند پڑی ہے ،حکومت ہمیں طویل عرصے کی صنعتی پالیسی دے،3برسوں میں تاجروں پر بہت مالی دباؤ آیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں