صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، امریکہ ایران مذاکرات کی پیشرفت بارے بریفنگ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی اور امریکا ایران مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔
شہبازشریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں مذاکرات کے مختلف مراحل پرتفصیلی بریفنگ دی اور امریکا ایران مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔
اُنہوں نے پاکستان کی ثالثی کے ذریعے حاصل پیشرفت پر بریفنگ بھی دی اور صدرمملکت کو اپنے سعودی عرب اورترکیے کے آنے والے دوروں سے بھی آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ایران امریکا تنازع کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جنگ کے اثرات خطے اور بین الاقوامی سکیورٹی معیشت اور سیاست پر ہوئے ہیں،ایران امریکا مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور تمام ریاستی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ داراورکلیدی ریاست کے طورپراپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے، پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنی امن پسندی کی ساکھ کو ثابت کیا ہے، وزیراعظم ،نائب وزیراعظم امریکا ایران اورعلاقائی،عالمی طاقتوں کیساتھ رابطے میں رہیں، رابطوں سے امن عمل کے تسلسل اورعلاقائی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔