آلائشوں سے جنگی طیاروں کو لاحق خطرات، پاک فضائیہ کی آگاہی ویڈیو جاری

کراچی: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں کے جنگی جہازوں کیلئے خطرات سے متعلق ویڈیو جاری کر دی گئی۔

ویڈیو میں پیغام دیا گیا ہے کہ قربانی کی آلائشوں اور کچرے کو کھلے مقامات پر پھینکنے کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں کیونکہ پرندوں کی بہتات کھلے مقامات پر پھینکی گئی آلائشیں چیلوں اور کوؤں سمیت دیگر پرندوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔

ایئر بیسز کے قریب پرندوں کی موجودگی فلائٹ آپریشنز (خاص طور پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف) کیلئے شدید خطرے کا باعث بنتی ہے اور پرندوں کے جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں انجن و جہاز کے دیگر آلات کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس سے قیمتی جانوں اور طیاروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ اور دیگر متعلقہ ادارے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ آلائشوں کو کچرے کے تھیلوں میں پیک کر کے حکومتی ہدایات کے مطابق مخصوص مقامات پر تلف کریں یا زمین میں گہرا گڑھا کھود کر دفن کریں تاکہ کسی بھی سنگین صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں