29 ارب 69 کروڑ ایرانی ریال سمگل کرنے کی کوشش ناکام
کراچی: (دنیا نیوز) موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 29 ارب 69 کروڑ ایرانی ریال سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایرانی کرنسی سمگلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب نیٹ ورک کے 9 ارکان (6 مرد اور 3 عورتیں) کو حراست میں لے لیا گیا۔
ملزمان دو کاروں (کار نمبری AZC-922 اور AYC-169) میں سوار ہو کر بلوچستان سے کراچی پہنچے تھے۔
ملزمان کے قبضے سے بوقت گرفتاری 236 عدد بنڈل ایرانی کرنسی برآمد کر لی گئی، برآمدہ ایرانی کرنسی میں 29 ارب 69 کروڑ ایرانی ریال شامل ہیں۔
حراست میں لئے گئے ملزمان کی شناخت، محمد اصغر، عبدالغفار، بی بی سہارا، گل سیما، بی بی افسانہ، تاج محمد، محمد نسیم، نعمت اللہ اور انار گل کے ناموں سے ہوئی۔
حراست میں لئے گئے ملزمان، گاڑیوں و برآمدہ کرنسی کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا۔