آسٹریلوی کپتان مچل مارش انجری کے باعث پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، کپتان مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، جس کے بعد جوش انگلس ٹیم کی قیادت کریں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے مچل مارش کی سیریز سے عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ٹخنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ مچل مارش آئی پی ایل میں لکھنؤ سپر جائنٹس کا آخری میچ بھی انجری کے باعث نہیں کھیل سکے تھے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مچل مارش مزید علاج اور طبی معائنے تک پرتھ میں ہی موجود رہیں گے جبکہ بنگلا دیش کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ 30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 2 اور 4 جون کو لاہور میں منعقد ہوگا۔