سعودیہ ،یواے ای کے ساتھ تجارتی خسارے میں کمی

سعودیہ ،یواے ای کے ساتھ تجارتی خسارے میں کمی

اسلام آباد(اے پی پی)سعودی عرب ، یواے ای اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

 جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سعودی عرب ، یواے ای اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر30 فیصدکااضافہ جب کہ ان ممالک سے درآمدات میں 25.76 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے ۔ اسٹیٹ بینک اورادارہ شماریات کے مطابق پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اورمغربی ایشیاکے دیگرممالک کو پاکستانی برآمدات کاحجم 2.884 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو 30 فیصدزیادہ ہے ۔مارچ میں سعودی عرب ، یواے ای اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک کو پاکستان کی برآمدات کاحجم 323.21 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوفروری میں 329.86 ملین ڈالر اور گزشتہ سال مارچ میں 281.77 ملین ڈالرتھا۔ پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب ، یواے ای اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر25.76 فیصدکی کمی ہوئی ہے ۔مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک سے درآمدات کاحجم25فیصد کی کمی سے 12.69 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا ۔مارچ میں درآمدات پر1.352 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجوفروری میں 1.298 ارب ڈالرا ورگزشتہ سال مارچ میں 1.731 ارب ڈالرتھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں