سونا مزید 1600روپے سستا، 2لاکھ 38ہزار روپے کا ہو گیا

سونا مزید 1600روپے سستا، 2لاکھ 38ہزار روپے کا ہو گیا

کراچی (بزنس ڈیسک،آن لائن)سونے کی فی تولہ قیمت میں ہفتے کو بھی سینکڑوں روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 1600 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 38 ہزار روپے کا ہو گیا ہے ۔دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1257 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد اس کے ریٹ 2 لاکھ 4 ہزار 47 روپے ہو گئے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں سونا 4 ڈالر اضافے سے 2301 ڈالر فی اونس کا ہو گیا ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی فی تولہ سونا 1400 روپے سستا ہوا تھا۔ادھر انٹر بینک میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر بڑھ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ ڈالر سستا ہو گیا ۔فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 10پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قدر 278.40 روپے سے بڑھ کر278.50روپے ہو گئی، تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں48پیسے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد ڈالر کی قدر270.68روپے سے گھٹ کر279.20روپے ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران یورو کی قدر میں55پیسے کاا ضافہ دیکھنے میں آیا جس سے یورو کی قدر 297.35 روپے سے بڑھ کر297.90روپے ہو گئی، تاہم7پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر 347.81 روپے سے گھٹ کر 347.74روپے پرآ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں28پیسے جبکہ برطانوی پونڈ کی قدر میں بھی28پیسے کی کمی واقع ہوئی ،تاہم یورو کی قدر42پیسے بڑھ گئی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں