کاٹن مارکیٹ:رواں ہفتے روئی کے بھاؤ میں مندی غالب رہی

 کاٹن مارکیٹ:رواں ہفتے روئی کے بھاؤ میں مندی غالب رہی

کراچی(این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں مندی کا عنصر غالب رہا ، کاروباری حجم بالکل کم ، کاٹن کے سیزن کا اختتام ہوگیا ہے ،جنرز کے پاس قلیل مقدار میں روئی کا اسٹاک موجود ہے ،

ٹیکسٹائل ملز بھی نسبتا ً خاموش ہیں کیوں کہ کاٹن یارن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کا کوئی پرسان حال نہیں ، مارکیٹ میں زبردست سردبازاری ہے ، حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بری طرح نظر انداز کرنے کی وجہ سے بحران شدید ہوتا جارہا ہے ، توانائی کی مد میں زبردست اضافہ اور بلند ترین شرح سود کی وجہ سے پیداواری لاگت میں زبردست اضافہ ہونے کے سبب صنعتیں چلانا مشکل ہوتے ہوتے اب تقریبا ً نا ممکن ہوتا جا رہا ہے ، آئندہ دنوں میں بحران مزید شدید ہونے کی کاروباری ذرائع پیش گوئی کررہے ہیں جس کے باعث اضطراب بڑھتا جا رہا ہے ، ٹیکسٹائل سیکٹر کی شدید بحرانی کیفیت کی وجہ سے کئی ملز خریدی ہوئی روئی فروخت کر رہے ہیں لیکن خریداروں کا فقدان ہے ، پہلے سے ملز کے پاس روئی کا اسٹاک موجود ہے ۔ دوسری جانب FCA نے آئندہ سیزن کے لئے کپاس کا پیداواری حدف ایک کروڑ 8 لاکھ گانٹھوں کا مقرر کیا ہے ۔صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ 19500 تا 20500 روپے ہے ۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ 300روپے کی کمی کرکے 19700 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں