ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش اکتوبر میں ہو گی،عثمان اشرف

 ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش اکتوبر میں ہو گی،عثمان اشرف

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی 40ویں تین روزہ عالمی نمائش رواں سال اکتوبر کے دوسرے ہفتے لاہور میں منعقد ہو گی۔۔

مختلف ممالک سے غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد میں آمد کے پیش نظر یہ ایک بڑا ایونٹ ہوگا اور ہم پر امید ہیں کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت تمام متعلقہ ادارے کامیابی کیلئے بھرپور مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کریں گے ،حکومت سے اپیل ہے کہ برآمدات کے فروغ اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہماری تجاویز کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں ساتویں زونل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، میجر (ر) اختر ، سعید خان اور فیصل سعید خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ وائس چیئرمین عثمان اشرف نے اجلاس کے شرکا کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی قالینوں کے خریداروں سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ اجلاس میں رواں سال لاہور میں 40ویں عالمی نمائش کی تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اوراکتوبر کے دوسرے ہفتے میں نمائش کے انعقاد کی تجویز پر اتفاق رائے پایا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی چین ،امریکہ، برطانیہ، ہنگری، ترکی سمیت دیگر ممالک کے خریداروں کو عالمی نمائش میں شرکت کی دعوت دی جائے گی،نمائش کی کامیابی کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے موثر رابطے کئے جائیں گے اور قوی امید ہے کہ حکومتی ادارے برآمدات کے فروغ کے تناظر میں عالمی نمائش کی بھرپور سرپرستی کریں گے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں