ونڈ پاور پروجیکٹ کی تنصیب کے لیے معاہدے پر دستخط

 ونڈ پاور پروجیکٹ کی تنصیب کے لیے معاہدے پر دستخط

کراچی(این این آئی)برج سولر اینڈ پاور سیمنٹ نے 9.6میگاواٹ کے ونڈ پاور پروجیکٹ لگانے اور اس کو چلانے کی ذمہ داری کے ساتھ، اس پروجیکٹ میں مالی تعاون کا بھی اعلان کیا ہے جو پاکستان کی قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

یہ تعاون پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے برج اور پاور سیمنٹ کی اجتماعی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے ۔اس معاہدے کا مقصد سالانہ تقریبا ً 15000 میٹرک ٹن کاربن کے اخراج کو کم کرنا اور سالانہ لگ بھگ 30گیگا واٹ صاف توانائی پیدا کرنا ہے ۔معاہدے کے مطابق ونڈ پاور پروجیکٹ میں پی سی ایل کے احاطے میں بوٹ ڈھانچے کے تحت 2 x 4.8 میگاواٹ کی ونڈ ٹربائن کی تنصیب شامل ہے ۔تجارتی طور پر یہ ایک قابلِ عمل منصوبہ ہے کیونکہ یہ پی سی ایل کی توانائی کی لاگت میں نمایاں بچت پیش کرتا ہے اور فوسل ایندھن پر انحصار کم کرتا ہے ۔اس طرح ملک کے لیے درآمدی متبادل میں مدد کرتا ہے ۔2022 میں برج نے پہلے ہی اسی بوٹ ماڈل کے تحت پاکستان سیمنٹ کے لیے 7 میگا واٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مالی اعانت فراہم کی تھی اور یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے اور بجلی فراہم کررہا ہے ۔عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کے استعمال کے لیے پاور سیمنٹ کی غیرمعمولی دلچسپی کا اظہار کیا۔ برج مضار بہ کے چیئرمین منیر کمال نے برج سولر اور پاور سیمنٹ کے مابین تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صاف توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بینکنگ سیکٹر خصوصا ً برج مضاربہ کے اہم کردار کی تعریف کی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں