اسٹاک مارکیٹ:انڈیکس75ہزارکی بلندسطح چھوکرواپس
کراچی (بزنس ڈیسک )اسٹاک مارکیٹ نے بدھ کو 75ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنے کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا مگر کاروباری اتار چڑھاؤکی وجہ انڈیکس 74600پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔۔۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 33ارب روپے کا منافع ہوا تاہم55.75فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا ۔ ٹیلی کام ،سیمنٹ ،توانائی ،آئل اینڈ گیس سیکٹرز میں خریداری کی وجہ سے انڈیکس ملکی تاریخ میں بار بار ٹریڈنگ کے دوران75ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر گیا ،بعدازاں اسٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس واپس 74ہزار کی سطح پر آگیا مگر کاروباری سرگرمیاں مثبت زون میں بند ہوئی ۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ معاشی محاذ پر چند حالیہ مثبت پیش رفت تیزی کی وجہ بنی ہیں، پاکستان اس وقت آئی ایم ایف سے ایک نئے پروگرام کے لیے مذاکرات کر رہا ہے جس کے تحت پاکستان آئی ایم ایف سے 8ارب ڈالر قرض حاصل کرنے کا خواہاں ہے ۔ دوسری جانب مہنگائی میں کمی کی وجہ سے شرح سود میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔مارکیٹ تجزیہ کار محمد سہیل نے بتایا کہ مارکیٹ میں تیزی کی دیگر وجوہات کے علاوہ سب سے بڑی وجہ بین الاقوامی ادارے ‘مارگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی جانب سے اپنے انڈیکس میں پاکستانی کمپنی کو شامل کرنا ہے ۔ اس ادارے کی جانب سے نیشنل بینک آف پاکستان کو اپنے انڈیکس میں شامل کیا گیا ہے جس کا مثبت اثر پاکستان کی سٹاک ایکسچینج پر بھی پڑا جس کے بعد انڈیکس پہلی بار 75000 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 132پوائنٹس کے اضافے سے 74663.98پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 117پوائنٹس کے اضافے سے 24071پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 48311پوائنٹس سے بڑھ کر48463پوائنٹس پرجاپہنچا۔مجموعی سرمایہ بڑھ کر100کھرب 70ارب روپے ہو گیا ۔ بدھ کو25ارب روپے مالیت کے 57کروڑ24لاکھ20ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔