اسٹاک ایکسچینج:مندی، 50 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

اسٹاک ایکسچینج:مندی، 50 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(آن لائن)اسٹاک مارکیٹ منگل کو کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا شکار ہو گئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 291 پوائنٹس کی کمی سے 77940 پوائنٹس پر بند ہوا۔

 اس دوران سرمایہ کاروں کو 31ارب روپے کاخسارہ ہوا جب کہ 50 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گرگئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ بعدازاں فروخت کا دباؤ دن بھر جاری رہا جس کی وجہ سے مارکیٹ منفی زون میں داخل ہوگئی اور سرمائے کے انخلاء نے مارکیٹ کو تنزلی کی جانب دھکیل دیا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق وفاقی بجٹ کی منظوری اور آئی ایم ایف ٹیم کی دورہ پاکستان کے اعلان تک مارکیٹ کاروبار ی اتار چڑھاؤ کی لپیٹ میں رہے گی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 116پوائنٹس کی کمی سے 25187 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 49395 پوائنٹس سے کم ہو کر 49247 پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی سرمایہ کم ہوکر102کھرب90ارب روپے رہ گیا۔ منگل کو11ارب روپے مالیت کے 29کروڑ21لاکھ86ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 15ارب روپے مالیت کے 38 کروڑ 51 لاکھ76ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔مجموعی طور پر 433کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 144کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،219 میں کمی اور70میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے پرویز احمد کمپنی 2کروڑ60لاکھ اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 1 کروڑ 79 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں