سرمایہ کاری کی بحالی کی رفتارسست روی کاشکارہے ،عالمی بینک

سرمایہ کاری کی بحالی کی رفتارسست روی کاشکارہے ،عالمی بینک

اسلام آباد(اے پی پی)عالمی بینک نے کہاہے کہ ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے سرمایہ کاری میں ترقی یافتہ ممالک کوترقی پذیرممالک کی مدد کرنا چاہیے ۔ یہ بات عالمی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہی گئی ہے ۔

یہ رپورٹ عالمی بینک گروپ کے ڈپٹی چیف اکانومسٹ آیان کوسے اوراکانومسٹ کرسٹین سٹام اور ان کی ٹیم نے مرتب کی ہے ۔رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ 2020 کی دہائی میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے اہم پیشرفت کی توقع تھی لیکن اس کے برعکس عالمی اقتصادی ترقی کے حوالے سے یہ دہائی اب تک پچھلے 30 سال کی سب سے کمزور دہائی رہی ہے ۔ ترقی پذیر معیشتوں میں سرمایہ کاری کی شرح 2010 میں 9.8 فیصد تھی جو 2019 میں 2.6 فیصد تک گر گئی، کوویڈ 19 کی عالمگیروبا نے صورتحال کومزید پیچیدہ بنادیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ وقتوں میں سرمایہ کاری کی بحالی کی رفتارسست روی کاشکارہے ،اس سال سرمایہ کاری کی شرح صرف 3.5 فیصد تک متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگرچہ سرمایہ کاری کی شرح میں اضافہ مشکل ہے مگر یہ نا ممکن نہیں ہے ۔ 1950 سے 2022 کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافہ کے حوالہ سے 93 معیشتوں میں نمایاں پیش رفت نوٹ کی گئی ہے اور اوسطاً 4 فیصد سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی شرح رہی ہے ۔رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ مالی استحکام اور تجارتی اصلاحات کے ذریعے ممالک اپنی معیشتوں کو مضبوط کرسکتے ہیں ، یوروگوئے اورجنوبی کوریا نے اس حوالہ سے اہم پیش رفت کی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں