انجمن تاجران کا شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لانیکا مطالبہ
لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک مارک اپ کی شرح کو فی الفور سنگل ڈیجٹ میں لائے ۔
، کاروباری مقاصد کیلئے بلا سود اور آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں ،ملک میں سیاسی استحکام سے ہی سرمایہ کاری اور معیشت کی سانسیں بحال ہوں گی ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے جو دعوے سامنے آرہے ہیں اسٹیٹ بینک کومارک اپ کی شرح کو فی الفور سنگل ڈیجٹ میں لانا چاہیے ، اس وقت پاکستان میں مارک اپ خطے کے دیگر تمام ممالک سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاری کے رجحان کی شرح بہت کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں سے معیشت کو جس طرح کی مشکلات کا سامنا ہے اس کی وجہ سے کاروبار ی طبقہ بے حد پریشان ہے ، حکومت کو چاہیے کہ یوٹیلیٹی بلز خصوصاً بجلی کے بلوں میں ریلیف دے ، کاروباری مقاصد کے لئے حاصل کئے جانے والے قرضے بلا سود اور آسان شرائط پر ہونے چاہئیں ۔