دھمکیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، پی ٹی آئی ملک مضبوط نہیں دیکھنا چاہتی: عطا تارڑ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ دھمکیوں کاسلسلہ بند ہونا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف ملک کو مضبوط ہوتا نہیں دیکھنا چاہتی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے چند الزامات لگائے، قوم کو کچھ حقائق بتانا ضروری ہیں، غیر ملکی میڈیا کو کے پی میں بلا کر گمراہ کن باتیں بتائی جارہی ہیں، انہوں نے غیر ملکی میڈیا کو گمراہ کن حقائق بتائے ، آپ نے 26 نومبر کو بھی آرٹیفشل انٹیلی جنس سے تصاویر اور ویڈیو بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ پر اپنے ہی ورکرز نے پتھراؤ کیا اور پھر گارڈز نے فائرنگ کی جس کی فوٹیج سامنے آگئی ہے، بشریٰ بی بی نے علی امین گنڈاپور پر پتھراؤ کروایا، علی امین گنڈپورا،بشریٰ بی بی دونوں نے دوڑ لگائی، میرا پھر وہی سوال ہے کہ دوڑ کیوں لگائی؟

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آپ سیاسی طور پر ناکام ہیں،صوبے کو چلانے میں ناکام ہیں، اب غیر ملکی میڈیا کو جیسے مرضی جعلی بریفنگ دیں، آپ نے 9 مئی کو جو کیا قوم کو بھولنے نہیں دیں گے، آپ نے قوم کو بچوں کو اکسایا، باہر سے غیر ملکی عناصر فنڈنگ کرکے فوج کے خلاف مہم چلارہے ہیں، ہم ان کا پورا بندوبست کررہے ہیں ،پیچھے جائیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ یہ لوگوں کو ڈنڈے پڑواتے ہیں اور خود پیچھے سے بھاگ جاتے ہیں، انہوں نے لوگوں کو 9 مئی اور 26 نومبر کیلئے استعمال کیا،علی امین گنڈا پور دھمکیاں لگا رہے ہیں اگلی کال پرامن نہیں ہو گی، علی امین گنڈاپور بتائیں ان کی کون سی کال پرامن رہی ہے، آپ جرم کریں گے پھر کریک ڈاؤن تو ہوگا، آپ میں اتنی ہمت نہیں کہ اگلی کال دےسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب باہر جا جاکر لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ ظلم ہوگیا، اگر آپ سچے ہوتے تو آپ کی سیاست لاشوں پر نہ ہوتی، آپ سچے ہوتے توآپ کا ہر رہنما 12 لاشوں سے شروع ہوکر 1200 پر نہ جاتا، اب سپریم کورٹ کا آرڈر آیا ہے تو 9 مئی کے ٹرائل مکمل ہوں گے، دنیا میں ایک مثال قائم ہوگی کہ اپنی فوج کے خلاف بغاوت نہیں ہوسکتی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ان کو تکلیف ہے ملک میں ایک سپہ سالار موجود ہے، سپہ سالار جنرل عاصم منیر ملک کیلئے نیک نیتی رکھتے ہیں، آرمی چیف چاہتے ہیں ملک ترقی کرے، پی ٹی آئی ملک کو مضبوط ہوتا نہیں دیکھنا چاہتی، ان کو باہر سے پیسہ آتا ہے اس لیے بغاوت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فوج کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتی ہے،فوجی تنصیبات پرحملہ ہوگا توفوج پیرو ی کرےگی، انہوں نے ادارے کی پراڈکٹس کی مہم چلائی ہے،اگر ادارے کی پراڈکٹس کا بائیکاٹ کرنا تھا تو سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی کا کرتے، ادارے کی سے بڑی پراڈکٹ تو عمران خان خود تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں