حکومتی معاونت ملنے تک برآمدات بڑھاناناممکن ،میاں عتیق
لاہور(این این آئی)کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان نے کہا ہے کہ مختلف محکموں کی بے جا رکاوٹوں کو دور کئے بغیر اور حکومتی معاونت ملنے تک برآمدات میں اضافہ ممکن نہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میاں عتیق الرحمان نے کہا کہ اس وقت ہماری ترجیح ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے ،ہمیں برآمدات بڑھانے کیلئے جس سطح پر پروڈکشن کرنی چاہیے وہ نہیں ہو رہی اور اس کی بہت سی وجوہات ہیں ،اس صنعت سے وابستہ ہنر مندوں کو اپنے ساتھ رکھنے کیلئے اسے پر کشش بنانا ہوگا جس کیلئے حکومت اور متعلقہ ادارے ہمارا ساتھ دیں ، دیہی علاقوں میں ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے سنٹرز بنائے جائیں تاکہ ہنر مندوں کی تعداد میں اضافہ ہو اور لوگوں کو گھر کی دہلیز پر روزگار بھی ملے۔