اسٹاک ایکسچینج:پہلی بار 92 ہزار پوائنٹس کی بلند سطح عبور
کراچی(آن لائن)اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو زبردست تیزی رہی ۔کے ایس ای 100 انڈیکس 366 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 92 کی نفسیاتی حد کرکے 92304 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اس دوران مارکیٹ سرمائے میں 49ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جب کہ49فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ماہرین کے مطابق شرح سود میں 250بیسس پوائنٹس کی کمی سے خریداری کا رجحان بڑھ گیا ۔منگل کو خریداری کا آغاز توانائی اور سیمنٹ کے شعبوں کی طرف سے ہوا، جہاں او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایچ یو بی سی او، پی ایس او، ایس ایس جی سی اور پی آر ایل کے حصص میں مثبت رجحان دیکھا گیا ۔ایک موقع پر100انڈیکس نے 92 ہزار 514 پوائنٹس کو چھو کر بلندیوں کا ایک اور نیاریکارڈ قائم کردیا ۔ کاروبار کے اختتا م پرکے ایس ای 30 انڈیکس 96پوائنٹس کے اضافے سے 28ہزار840پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 58ہزار408پوائنٹس سے بڑھ کر 58 ہزار 659 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ سرمایہ 118 کھرب 58 ارب روپے ہوگیا ۔ منگل کو 32 ارب کے 75 کروڑ 26 لاکھ 64 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 29 ارب روپے مالیت کے 58 کروڑ 95لاکھ46ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔مجموعی طور پر 452 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 223 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،169میں کمی اور 60کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔