ڈالر کے انٹربینک ریٹ 278روپے سے تجاوز ،سونا مہنگا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سال 2025 میں بجٹ کا 40فیصد حصہ سود کی مد میں ادائیگیوں میں جانے کی پیشگوئی اور معیشت میں طلب بڑھنے سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو بھی ڈالر کی پرواز جاری رہی۔۔۔
جس سے طویل دورانیے بعد ڈالر کا انٹربینک ریٹ 278 روپے سے تجاوز کرگیا۔ادھر سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 9 پیسے کے اضافے سے 277.95 روپے سے بڑھ کر 278.04 روپے پر بند ہوا۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 11 پیسے کے اضافے سے 278.99 روپے پر جاپہنچا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا8 ڈالر کے اضافے سے 2631 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 800 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 74 ہزار 300 روپے پر جاپہنچا، اسی طرح دس گرام سونا 686 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 35 ہزار 168 روپے کاہوگیاجب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 250 روپے پر مستحکم رہی۔