ای پروسیسنگ سسٹمز کو کاروبار شروع کرنے کا لائسنس جاری
کراچی (بزنس رپورٹر )اسٹیٹ بینک نے ای پروسیسنگ سسٹمز کو کاروبار شروع کرنے کا لائسنس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے ای پروسیسنگ سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ (ای پی ایس پی ایل) کو الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشن (ای ایم آئی) کے طور پر کاروبار شروع کرنے کا لائسنس جاری کردیا ہے ۔ اس لائسنس کے تحت ای ایم آئی صارفین، تاجروں اور ایجنٹوں کو ای منی والٹس آفر کرے گی۔مرکزی بینک کے مطابق اس لائسنس کے اجرا کے ساتھ، کاروبار کرنے والے ای ایم آئیز کی تعداد پانچ ہو جائے گی، جن میں نیا پے پرائیویٹ لمیٹڈ، فنجا پرائیویٹ لمیٹڈ، سادہ پے پرائیویٹ لمیٹڈ، اختر فوئیو ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈاور ای پروسیسنگ سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں جبکہ دو ای ایم آئیز یعنی ویمسول پرائیویٹ لمیٹڈ اور ہب پے پرائیویٹ لمیٹڈ آزمائشی آپریشنز کے مرحلے میں ہیں۔ دریں اثنا تین مزید ای ایم آئیز وائی اے پی پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ، سیری سما پرائیویٹ لمیٹڈ اور ٹوکو لیب پرائیویٹ لمیٹڈ کو اصولی منظوری دے دی گئی ہے اور فی الحال وہ آزمائشی آپریشنز شروع کرنے کے لیے تنظیمی اور تکنیکی ڈھانچے کی تیاری کررہے ہیں۔