پولیو کو شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،وزیر اعظم
اسلام آباد (نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ بدھ کو وزیراعظم سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات ہوئی۔
وفد میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس ، عالمی ادارہ صحت کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی ، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا ، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ، روٹری فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی عزیز میمن، کنگ سلمان ہیومینیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ صالح شامل تھے ۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے ، ان شاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر پولیو کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔