عبوری ہیڈ کوچ نے فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دیدیا

عبوری  ہیڈ  کوچ  نے  فخر  زمان  کی  ٹیم  میں  واپسی  کا  عندیہ  دیدیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فخر زمان میچ ونر ہے ۔۔

 فٹ ہوگا تو ترجیح دی جائے گی، میرا کوچنگ میں 20 سال کا تجربہ ہے ، ڈبل رول سے کوئی مشکل نہیں ہوگی،ابھی ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی اولین ترجیح ہے ، ٹی 20 میں کافی تبدیلیاں نظر آئیں گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہاکہ فخر زمان کی فٹنس کے مسائل جیسے ہی حل ہوئے ، ان کی سلیکشن کو دیکھیں گے ، انہوں نے کہا کہ ملتان ٹیسٹ سے اب تک کوچ اور کپتان کی مشاورت کے بعد ہی سلیکش کمیٹی ٹیم کا اعلان کرتی ہے ،ہمارا مقصد یہ ہے کہ دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین 11 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر پاکستان کے لیے میچ جیتنے کی کوشش کی جائے ۔ کوچ ایک حد تک کردار ادا کرتا ہے ، آپ ایک ماحول مہیا کرسکتے ہیں، واضح اور دوٹوک پیغامات دے سکتے ہیں کہ کیسی کرکٹ کھیلنی ہے ، تیاری میں کھلاڑیوں کی مدد کرسکتے ہیں لیکن بلآخر نتیجہ تو ٹیم اور کپتان ہی لے کر آتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت کنوینر سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کو وہ ٹیم کے انتخاب کے لیے کپتان سے مشاورت کریں گے اور پھر اپنی اور کپتان کی رائے سلیکشن کمیٹی کے سامنے رکھیں گے جو ٹیم کا انتخاب کرے گی۔عاقب جاوید نے کہا کہ ٹی 20 فارمیٹ میں بابر اعظم کے سٹائل پر ہر ایک کی اپنی رائے ہوسکتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ان کی پاکستان کے لیے بہت زیادہ خدمات ہیں، بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان کی پرفارمنس کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ بابر پرفارم کررہے ہیں اور ان کی پرفارمنس سب کو نظر بھی آرہی ہے ، بطور کوچ یا سلیکٹر کوئی ایک انفرادی کھلاڑی ٹارگٹ نہیں ہوتا سب کو دیکھنا ہوتا ہے ، ٹیم کو بہتر سے بہتر بنانے پر فوکس ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں