رواں ماہ 500ٹن مرچ ڈیپ پروسیسنگ کیلئے چین جائیگی
چھنگڈاو(این این آئی)رواں ماہ 500 ٹن پاکستانی مرچ ڈیپ پروسیسنگ کیلئے چین جائے گی، یہ مرچیں پورے چین میں تقسیم کی جائیں گی، پاکستان مرچ کی پیداوار میں عالمی سطح پر چوتھے نمبر پر ہے۔
گوادر پرو کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم ڈیمونسٹریشن زون میں پاک چین مرکز منصوبے کے تحت نومبر کے آخر تک 500 ٹن پاکستانی مرچ کی پہلی کھیپ کی کٹائی متوقع ہے۔ منصوبے کے شرکا میں سے ایک چائنا پاکستان انٹرنیشنل کوآپریشن ہب کے بزنس منیجر لیو جنگ نے کہا کہ یہ مرچیں پورے چین میں تقسیم کی جائیں گی۔لیو نے منصوبے کی ٹائم لائن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فصل کٹائی کے اس موسم کے بعد، ہم فروری میں پنیری کی افزائش اور پودے لگانا شروع کر دیں گے جس کی اگلی فصل مئی میں تیار ہوگی، ہمارا مقصد پودے لگانے ، کٹائی، پروسیسنگ اور برآمد پر مشتمل ایک مکمل صنعتی زنجیر قائم کرنا ہے جبکہ مرچ کے بیجوں میں تحقیق کو وسعت دینا ، پیداوار اور ڈیپ پروسیسنگ کو آگے بڑھانا ہے ۔