آزاد کشمیر میں ماہانہ2ارب سے زائد کا آن لائن کاروبار
مظفرآباد (نمائندہ دنیا)آزاد جموں و کشمیر میں ماہانہ دو ارب روپے سے زائد کا آن لائن کاروبار کیا جاتا ہے ۔ آن لائن کاروبار پاکستان پوسٹ اور دیگر سات سے زائد نجی کوریئر ایجنسیوں کے ذریعہ کیا جاتا ہے ۔
دار الحکومت مظفرآباد اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں ماہانہ پچاس کروڑ روپے سے زائد خرید و فروخت آن لائن کی جاتی ہے ۔ آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز میر پور ، مظفرآباد اور راولاکوٹ میں ہزاروں لوگ آن لائن سامان منگواتے ہیں۔روزنامہ دنیا کی طرف سے محکمہ انکم ٹیکس سے حاصل کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے دس اضلاع سے لوگ زیادہ تر گارمنٹس ، جوتے ، کپڑے ، گھریلو ، آرائش کا سامان اور قالین آن لائن بک کر کے منگواتے ہیں۔ صارفین کی طرف سے آن لائن منگوایا گیا سامان ان تک پہنچانے کے لئے پاکستان پوسٹ سمیت سات سے زائد نجی کوریئر ایجنسیوں کے ایک ہزار اہلکار اور رائیڈرز کام کرتے ہیں۔ 28 سال سے زائد نجی کوریئر کمپنی میں کام کرنے والے علاقائی منیجر سید قدیر فاطمی نے روزنامہ دنیا کو بتا یا کہ بارہ سال کی عمر سے لیکر ساٹھ سال تک کے شہریوں کی بڑی تعداد سامان آن لائن خرید کر منگواتی ہے ۔ چالیس فیصد سے زائد خواتین آن لائن چیزیں خرید کر منگواتی ہیں۔ سید قدیر فاطمی نے کہا کہ آئندہ چند سال کے دوران آن لائن کاروبار ماہانہ تین ارب روپے سے بھی زائدکا ہو گا ۔