غیرٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں18فیصداضافہ
اسلام آباد(آئی این پی )رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران غیر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 17.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔اس طرح برآمدات کا حجم 4.73 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گیاہے ۔۔
جو اس سے قبل 4.02 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اکتوبر غیر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا اہم عنصر کھانے پینے کی خام اشیا کا تھا، اس کے علاوہ چمڑے ، فٹ ویئرز اور انجینئرنگ سے متعلق ویلیو ایڈڈ مصنوعات بھی برآمد کی گئیں۔خیال رہے کہ مالی سال 2024 میں غیر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 24.95 فیصد بڑھ کر 14.02 ارب ڈالر تک جاپہنچی تھیں جو کہ اس سے گزشتہ مالی سال میں 11.22 ارب ڈالر کی سطح پر تھیں۔غیر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا سلسلہ رواں سال بھی جاری ہے ، یہ مثبت رجحان اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ عالمی مارکیٹ سے پاکستان کو زیادہ آرڈرز مل رہے ہیں۔