انتہا پسندی قبول نہیں، شرانگیزی پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا: محسن نقوی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انتہا پسندی قبول نہیں، شرانگیزی پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، فیض آباد آنے والے تمام لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں موبائل فون سروس چل رہی ہے، صرف انٹرنیٹ بند کیا، پنجاب میں اس بار سڑکیں اتنی بند نہیں جتنی پچھلی بار بند ہوئی تھیں،ایسے موقع پر شرانگیزی کوئی بھی پھیلا سکتا ہے ۔
وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی وفد کچھ دیر میں اسلام آباد آرہا ہے، جو بھی انتشار پھیلائے گا گرفتار کر لیا جائے گا، غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر شرپسندی قبول نہیں ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد کے امن وامان کو قائم رکھنا ہے،ساری حکمت عملی ابھی نہیں بتا سکتا،ہر ماہ دھاوا بولنے والوں کی وجہ سے ملک کا نقصان ہوتا ہے۔