پہلا ون ڈے: زمبابوے نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 80 رنز سے ہرا دیا

بلاوائیو: (دنیا نیوز) زمبابوے نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے شکست دے دی۔

 بلاوائیو میں ہونیوالے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوگئی، 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی 21 اوورز میں 60 رنز پر 6 وکٹیں گرگئیں تاہم بارش کے باعث میچ کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت ختم کردیا گیا۔

پاکستان کی اننگز

زمبابوے کی جانب سے ملنے والے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور عبداللہ شفیق 11 رنز کے مجموعی سکو پر صرف ایک 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 17 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب صائم ایوب بھی 11 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے، کامران غلام 17 رنز بنا کر چلتے بنے۔

49 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب سلمان آغا 4 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے، حسیب اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے جبکہ عرفان خان 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

زمبابوے کی بیٹنگ

بلاوائیو میں ہونیوالی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کے اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 40 کے مجموعی سکور پر جویلورڈ گمبی 15 کے انفرادی سکور پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے جبکہ ڈیون مائرز 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان کریگ ایروائن 6 اور تادیوانشے مارومانی 29، شان ولیمز 23، برائن بینیٹ 20، برینڈن ماوتا ایک جبکہ بلیسنگ مزربانی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

آٹھویں وکٹ کی شراکت میں سکندر رضا اور رچرڈ نگروا نے 62 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم رضا 39 رنز بنا کر فیصل اکرم کا شکار بنے، رچرڈ نگروا نے ٹیم کیلئے 48 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

پاکستان کی جانب سے نائب کپتان سلمان علی آغا اور ڈیبیو کرنے والے سپنر فیصل اکرم نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف، عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تاہم زمبابوے کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

ٹاس

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان محمد رضوان نے بتایا ہے کہ 3 کھلاڑی آج ڈیبیو کر رہے ہیں، نئے ٹیلنٹ کو ٹیم میں موقع دیا ہے، نوجوان کھلاڑی بھی پاکستانی ٹیم میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پہلے اوورز بیٹنگ کیلئے مشکل ہوں گے، صورتحال کے مطابق ٹیم کو لے کر چلنا ہوتا ہے، اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی ٹیم میں آج عامر جمال، حسیب اللہ اور فیصل اکرم کا ڈیبیو ہوا ہے جبکہ زمبابوے سیریز میں پاکستان نے تین اہم کرکٹرز بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا ہے۔

قومی سکواڈ

پاکستانی سکواڈ میں آج صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان محمد رضوان، کامران غلام، عرفان خان نیازی، سلمان علی آغا، حسیب اللہ، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم، شامل ہیں۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں