ایلون مسک نے اپنا ہی ریکارڈ ڈالا، مجموعی دولت 348 ارب ڈالر تک پہنچ گئی

کیلیفورنیا: (دنیانیوز) ایلون مسک نے اپنا ہی ریکارڈ ایک بار پھر توڑ دیا، ایلون مسک کی دولت ریکارڈ 348 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

ایلون مسک کی دولت میں ریکارڈ اضافہ ان کی کمپنی ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ سے ہوا ہے، اس سے قبل نومبر 2021 میں ایلون مسک کی دولت 340 ارب ڈالرز تک پہنچی تھی جو ایک ریکارڈ تھی۔

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد سے ایلون مسک کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، 53 سالہ ایلون مسک دنیا کے ابھی تک واحد شخص ہیں جن کی دولت نے 300 ارب ڈالرز کے ہندسے کو چھوا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے۔

ستمبر 2024 میں انفارما کنکٹ اکیڈمی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایلون مسک کی دولت میں سالانہ 110 فیصد کی اوسط سے اضافہ ہو رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو ایلون مسک 2027 میں ٹریلین ائیر یا ایک ہزار ارب ڈالرز کے مالک پہلے فرد ہوں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں