چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 41 برس بیت گئے
لاہور: (دنیا نیوز) نشیلی آنکھیں، منفردہیئر سٹائل، جداگانہ انداز اور لاکھوں دلوں کی دھڑکن، لالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو کو دنیا سے بچھڑے 41 برس بیت گئے۔
چاکلیٹی ہیرو کے لقب سے مشہور پاکستان فلم انڈسٹری کے سپر سٹار وحید مراد آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں، وحید مراد نے 1959 میں 21 سال کی عمر میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم ساتھی سے کیا، ان کی فلم ارمان نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے اور وحید مراد راتوں رات سپر سٹار بن گئے۔
لباس، ہیئر سٹائل اور منفرد انداز کے سبب وحید مراد جیسی مقبولیت لالی وڈ کے کسی دوسرے ہیرو کے حصے میں نہ آسکی، وحید مراد نے 60ء اور 70ء کی دہائی میں شائقین کے دلوں پر راج کیا۔
وحید مراد نے 125 فلموں میں کام کیا جن میں سے 38 بلیک اینڈ وائٹ اور 87 کلرڈ فلمیں شامل ہیں، وہ پاکستان فلم انڈسٹری کے واحد اداکار تھے جن کی فلموں نے سب سے زیادہ پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈن اور سلور جوبلیاں کیں۔
چاکلیٹی ہیرو کی بہترین فلموں میں دل میرا دھڑکن تیری، ہیرا اور پتھر، ارمان، عندلیب، مستانہ ماہی، دیور بھابھی، نصیب اپنا اپنا شامل ہیں، وحید مراد کو ستارہ امتیاز، لائف ٹائم اچیومنٹ اور نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے وحید مراد 23 نومبر 1983ء کو 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے لیکن آج بھی وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔