اتنا پیسا کمائیں کہ پیسوں کی وجہ سے رشتے نہ ٹوٹیں: دانش نواز

لاہور: (دنیا نیوز) اداکار و ہدایت کار دانش نواز نے کہا ہے کہ ہر انسان کو اتنا پیسا لازمی کمانا چاہیے کہ پیسوں کی وجہ سے اس کے رشتے نہ ٹوٹیں اور اپنے نہ چھوٹیں۔

دانش نواز حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کامیڈی سے کیریئر کا آغاز کیا اور کافی وقت تک مزاحیہ کردار ہی ادا کرتے رہے جس سے لوگوں کو لگا کہ انہیں صرف کامیڈی آتی ہے۔

ان کے مطابق وہ لوگوں کے ذہنوں میں خود سے متعلق سوچ بدلنا چاہتے تھے اس لیے وہ ہدایت کاری کی جانب آئے اور انہوں نے وہاں بھی محنت سے نام کمایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوبز کیریئر سے قبل ہی ان کے والد فرید نواز بلوچ انتقال کر گئے تھے اور یاسر نواز سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا، ان کے ساتھ ہی انہوں نے ’نادانیاں‘ میں زندگی کا بہترین کردار بھی ادا کیا۔

ایک سوال کے جواب میں دانش نواز نے بتایا کہ انہیں اداکاری کے بعد ہدایت کاری میں آنے میں کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں، وہ شوٹنگ شروع کرنے سے قبل سکرپٹ کو مکمل پڑھ اور سمجھ لیتے ہیں جس کے بعد وہ شوٹنگ کرتے ہیں جس سے اداکار بھی ان کے کام سے متاثر ہوتے ہیں۔

محبت سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک ہی شخص سے 100 بار یکطرفہ محبت کی اور یکطرفہ محبت کرنی چاہیے، اس میں کسی کو دوسرے سے کوئی امید نہیں ہوتی۔

پیسے کمانے سے متعلق سوال پر دانش نواز نے کہا کہ ہر انسان کو اتنا پیسا لازمی کمانا چاہیے کہ پیسے کی وجہ سے ان کے رشتے اور تعلقات نہ چھوٹیں، نہ ٹوٹیں۔

ان کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ ہر شخص کو اتنے پیسے کمانے چاہئیں کہ جب ان سے اپنا بچہ کسی چیز کی فرمائش کرے تو وہ انہیں دلا سکیں، اپنے تو پیسے کے بغیر ہی محبت دیتے ہیں لیکن غیر کو پیسہ دینا پڑتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں