بندرگاہ پر رکے 30ہزار ٹن کیمیکلز کو ریلیز کرنے کا مطالبہ
کراچی(آن لائن)وفاقی چیمبرکے صدر عاطف اکرام شیخ نے بندرگاہ پر رکے 30 سے 40 اقسام کے 30 ہزار ٹن پٹرو، آرگینک کیمیکلز کو فی الفور ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔
یہ مطالبہ ا نہوں نے فیڈریشن ہاؤس میں سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں و دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا نہوں نے کہا کہ وزارت پٹرولیم کے صرف ایک خط پر ستمبر 2023 سے ہزاروں ٹن پیروکیمیکلز کی کلیئرنس روک دی گئی ہیں۔ پٹرو، آرگینک پولیمر کیمیکلز صنعتی شعبوں کے بنیادی خام مال ہے ،کلیئرنس رکنے سے امپورٹرز پر ڈیمرج ڈیٹنشن کی مد میں ہزاروں ڈالر کے اضافی کے چارجز عائد ہو رہے ہیں، روکے گئے کنسائمنٹس کی کلئیرنس کے بعد اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پٹرو کیمیکلز کی درآمدات کی پالیسی مرتب کی جائے ۔ا نہوں نے بتایا کہ وزارت پٹرولیم اگرچہ ایف بی آر کو ہدایات دینے کا مجاز نہیں لیکن ان کے خط کو استعمال کرتے ہوئے مختلف درآمدی کیمیکل کو پورٹ پر کلیئر نہیں کیا جارہا، انڈسٹری کو خام مال نہیں ملے گا تو پیداواری عمل رک جائے گا۔