اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کی کنیکٹ ہیئر کے ساتھ شراکت داری
کراچی (بزنس ڈیسک) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان نے کنیکٹ ہیئرکے ساتھ شراکت داری قائم کرلی ہے تاکہ پاکستان کی پہلی ورچوئل سائن لینگویج انٹرپریٹیشن ایپلی کیشن پر عمل درآمدکیا جاسکے ۔
یہ جدید ایپ سماعت سے محروم افراد کو بلا روک ٹوک مواصلات کے قابل بناتی ہے ، جس سے انہیں محض ایک بٹن دبانے پر تشریح (interpretation)کی خدمات تک فوری رسائی فراہم ہوتی ہے ۔یہ ایپلی کیشن ملک بھر میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کی 10برانچوں میں شروع کی جائے گی، جس سے بینک صارفین کے لیے رسائی اور مالی شمولیت میں اضافہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کی ہیڈ،ویلتھ اینڈ ریٹیل بینکنگ، سعدیہ ریاض نے کہا کہ یہ شراکت داری رکاوٹوں کو دور کرنے اور سب کیلئے رسائی کو یقینی بنانے کیلئے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم مالیاتی خدمات میں شمولیت کے لیے ایک معیار قائم کر رہے ہیں جبکہ سماعت سے محروم افراد کو معیشت میں مکمل طور پر حصہ لینے کے لیے بااختیار بنا رہے ہیں۔ کنیکٹ ہیئر کے شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر، اَرحم اشتیاق نے بھی کہا کہ یہ تعاون ایک حقیقی اور جامع ماحول تخلیق کرنے کے ہمارے وژن کو تقویت دیتا ہے جہاں ہر شخص ترقی کر سکے ۔ اپنی ورچوئل سائن لینگویج تشریح ٹیکنالوجی کے ساتھ، ہم مالی شمولیت کو فروغ دے رہے ہیں، سماعت سے محروم ملازمین اور صارفین دونوں کو مکمل طور پر حصہ لینے اور مالی ماحولیاتی نظام سے فائدہ اٹھانے کے لیے بااختیار بنا رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ انہیں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے ساتھ اپنے سفر میں مکمل مدد ملے۔