بیرونی سرمایہ کاری پر منافع کی منتقلی میں 66فیصداضافہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ(جولائی تا اکتوبر)کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کی منتقلی66 فیصد اضافے کے ساتھ 807.2 ملین ڈالر رہی۔۔۔
جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ 485 ملین ڈالر رہی تھی ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع میں 41 فیصد اضافہ ہوا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پہلے چار ماہ کے دوران ایف ڈی آئی پر منافع کی مد میں 772.5 ملین ڈالر وطن واپس بھیجے جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 456 ملین ڈالر تھی۔ اس عرصے کے دوران غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری (ایف پی آئی)پر ادائیگیاں 25.2 ملین ڈالر سے بڑھ کر 34.7 ملین ڈالر رہیں۔ماہانہ بنیادوں پر اکتوبر 2024ء کے دوران 413 ملین ڈالر وطن واپس بھیجے گئے جن میں سے 413.8 ملین ڈالر ایف ڈی آئی اور 12 ملین ڈالر ایف پی آئی کی مد میں واپس بھیجے گئے ۔