کراچی چیمبر کا درآمدی چائے پر ایم آر پی واپس لینے پر زور
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے کالی چائے کی بھاری مقدار درآمد پر 1200 روپے فی کلو گرام یکساںریٹ کی کم از کم ریٹیل پرائس (ایم آر پی)مقرر کرنے کے بارے میں پاکستان ٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے اظہار تشویش کے رد عمل میں حکومت پر زور دیا ۔۔
کہ اس غیر منصفانہ ضابطے کو واپس لیا جائے جس کے با عث درآمد کنندگان کو سزا دیتے ہوئے نہ صرف زیادہ ٹیکس ادا کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے بلکہ یہ اقدام غریب طبقے کیلئے چائے مہنگی کرنے کا بھی باعث بنے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ فی کلو گرام پر ایم آرپی کا یکساں ریٹ مقرر کرنے سے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں کم آمدنی والے افراد پر غیر متناسب اثر پڑے گا اور ان پر بوجھ زیادہ آمدنی والے افراد کے برابر ہوجائے گا۔ اس اقدام سے کم آمدنی والے اور درمیانے طبقے پر مزید دبا ؤبڑھے گا جو پہلے ہی قیمتوں میں اضافے کے سنگین اثرات سے دوچار ہیں۔یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر کا دورہ کرنے والے پی ٹی اے کے وفد سے کہی۔