اسٹاک ایکسچینج : ایک لاکھ 4 ہزار پوائنٹس کی بلند سطح بھی عبور

اسٹاک ایکسچینج : ایک لاکھ 4 ہزار پوائنٹس کی بلند سطح بھی عبور

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)افراط زر کی شرح 4.9 فیصد کے ساتھ ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آنے سے رواں ماہ کے وسط میں شرح سود میں مزید نمایاں کمی کی توقعات اور مثبت معاشی اشاریوں کے سبب اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو بھی تیزی کا مومنٹم برقرار رہا۔۔۔

 جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 100 انڈیکس کی 1لاکھ 4ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی رقم ہوگئی۔ تیزی کے سبب 58 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 1 کھرب 76 ارب 64 کروڑ 74 لاکھ 377 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق معیشت کی درست سمت پر گامزن ہونے اور انفرادی سطح کے انوسٹرز کی شمولیت بڑھنے سے کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا لیکن کچھ ہی وقفے کے بعد منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے جاری تیزی ایک موقع پر 449 پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہوگئی۔ بعدازاں فرٹیلائزر، بینکنگ، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ اور کثیرالقومی کمپنیوں میں یکدم خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مارکیٹ میں ریکوری ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1284 پوائنٹس کے اضافے سے 104559 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 396 پوائنٹس کے اضافے سے 32365 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 719 پوائنٹس کے اضافے سے 65741 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 14 فیصد زائد رہا جبکہ 1 کھرب 45 ارب حصص کے سودے ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں