ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان، تولہ سونا 700 روپے مہنگا
کراچی(بزنس ڈیسک)انٹربینک میں منگل کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی، ادھر عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے کی کمی سے 277.87 روپے پر آگیا۔ یاد رہے کہ پیر کو روپیہ 277 روپے 99 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 7 ڈالر کے اضافے سے 2640 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 700 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 75 ہزار 200 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح دس گرام سونا 600 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 35 ہزار 940 روپے پر جاپہنچا۔ یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 1700 روپے کی کمی ہوئی تھی۔ دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 400 روپے پر مستحکم رہی۔