اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام،70ارب منافع
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون میں ہوا100 انڈیکس121پوائنٹس کے اضافے سے 114,301 پر بند ہوا۔
جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 70 ارب بڑھ کر 14587 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے کہا کہ مارکیٹ بڑی تیزی کے بعد ‘آرام’ کر رہی ہے ، اصلاحات معمول کی بات ہیں اور ریٹیل سرمایہ کاروں کو قلیل المدتی اتار چڑھاؤ کو نظر انداز کرنا چاہیے اور طویل مدت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30انڈیکس 104 پوائنٹس کے اضافے سے 35,805پوائنٹس اور آل شیئرزانڈیکس349پوائنٹس بڑھ کر72362پوائنٹس پر جاپہنچا۔شیئر بازار میں 1 ارب 11 کروڑ شیئرز کے سودے 59 ارب روپے میں طے ہوئے ۔مجموعی طور پر 460کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 198کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،245میں کمی اور 17 میں استحکام رہا۔