سپریم کورٹ کے فیصلہ پر تشویش،یہ پی ٹی آئی کیخلاف استعمال ہوگا:تحریک انصاف

سپریم کورٹ کے فیصلہ پر تشویش،یہ پی ٹی آئی کیخلاف استعمال ہوگا:تحریک انصاف

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ) تحریک انصاف نے فوجی عدالتوں کو ملزموں کے خلاف فیصلہ دینے کی اجازت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کے خلاف استعمال ہو گا ۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو ہمارے کارکنوں کو گو لیاں ماری گئیں ، 200 سے زائد کارکن غائب ہیں، 26 نومبر اور 9 مئی 2023 کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ، اگر شرائط نہ مانی گئیں توسول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے حکم کی تعمیل ہوگی۔پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر اپوزیشن اتحاد سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں سابق سپیکر اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، عمر ایوب خان اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) مولانا ناصر عباس نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، حکومت کے ساتھ ممکنہ مذاکرات سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران اسلام آباد کے ڈی چوک پر مبینہ طور پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہم اپنے ساتھیوں کو 15 دسمبر کے یوم شہدا کے حوالے سے ہونی والی تقریب میں شرکت کی دعوت دینے آئے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے دیگر اپوزیشن کی پارٹیوں سے بھی بات کریں،سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہمیں تشویش ہے ، سپریم کا یہ فیصلہ تحریک انصاف کے خلاف استعمال ہوگا، ہم اس کے خلاف کورٹ آف جسٹس جائیں گے ۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہوں گے ، ہم لوگوں نے اپنا گھر، خاندان اور کاروبار تباہ کردیا۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے جاں بحق کارکنوں کی قربانی کو نہیں بھولیں گے ۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذاکرات کی گائیڈ لائنز بانی پی ٹی آئی ہی دیں گے ، مائنس عمران مذاکرات نہیں ہوں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہماری طرف سے کوئی زبردستی نہیں ہے ، اگر کوئی مذاکرات کرنا چاہے تو ٹھیک ہے نا کرنے چاہے تو ان کی مرضی ہے ۔ سینیٹر بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ دو تین دن سے یہ تاثر جا رہا ہے کہ ہم مذاکرات کے لیے مجبور ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکرات کا یہ طریقہ نہیں ہوتا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم کسی سے بھیک نہیں مانگ رہے ہیں۔ جس کے پاس بات کرنے کا اختیار ہے وہ آئے ہم بات کرنے کو تیار ہیں۔اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سنی اتحاد کونسل، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے رہنما شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کا اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے پراتفاق ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہفتے میں ایک بار تحریک تحفظ آئین پاکستان کا مشاورتی عمل شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق طے پایا کہ اپوزیشن اتحاد کے اجلاس کی تمام سفارشات کو بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں