سعودیہ سے معاشی تعلقات مضبوط ترہورہے ، پاکستانی سفیر
جدہ(آئی این پی )سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ مملکت اور پاکستان کے معاشی تعلقات بھی مضبوط تر ہو رہے ہیں۔
اگر تجارتی شعبے کے اعداد وشمار دیکھیں تو گزشتہ مالی سال سعودی عرب کے لیے پاکستان کی ایکسپورٹ تقریباً 40 فیصد بڑھی ہے ۔جدہ میں ایک انٹرویو میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پاک سعودی معاشی تعلقات، افرادی قوت، میگا پراجیکٹس اور سعودی گرین انیشیٹیو میں تعاون کے حوالے سے اقدامات کو اجاگر کیا۔انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی شعبے میں بھی کافی بہتری آئی ہے ۔ آئی ٹی سروسز کا جو ریوینو پاکستان جاتا ہے اس میں اضافہ ہوا ہے ۔ احمد فاروق نے کہا کہ پاکستان کی 40 کے قریب آئی ٹی کمپنیز نے ایک سال کے دوران کمرشل رجسٹریشن کروا کر اپنے دفاتر ریاض میں کھولے ہیں۔ اسی طرح سے ہم کوشش کررہے ہیں کہ تعمیراتی شعبے میں بڑے پاکستانی کنٹریکٹرز سعودی عرب آئیں۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ اس وقت یہاں تعمیراتی شعبے میں میگا پروجیکٹس پر کام ہو رہا ہے ۔ یہ موقع ہے کہ ہم کنسٹریکشن میٹریل، ماربل، سیمنٹ اور کیبل وغیرہ کی اایکسپورٹ بھی بڑھائیں۔انہوں نے بتایا کہ ہماری ایک ٹیم سعودی گرین انیشیٹو ٹیم کے ساتھ مل کرنیشنل ویجیٹیشن کور پروگرام کے تحت درخت لگانے میں ٹیکنیکل معاونت کر رہی ہے۔