فرنیچر کونسل ریاض میں سنگل کنٹری نمائش کی میزبانی کریگی
لاہور(اے پی پی)پاکستان فرنیچر کونسل نے آئندہ سال سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پہلی سنگل کنٹری فرنیچر ایکسپو کی میزبانی کا اعلان کیا ہے ۔
منگل کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ نمائش کا مقصد پاکستان کے عالمی معیار کے ہاتھ سے تیار کردہ اور کندہ کاری فرنیچر کو سعودی عرب کے صاحب ذوق خریداروں کے سامنے پیش کرنا ہے جو اپنی غیر معمولی کاریگری اور ڈیزائنوں کے وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہے ۔ پی ایف سی فرنیچر کی فروغ پذیر صنعت کو وسعت دینے کیلئے سعودی عرب کو ایک اہم مارکیٹ سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو پاکستانی کاریگروں اور مینوفیکچررز کیلئے ایک بڑے مارکیٹنگ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی جس میں مختلف قسم کی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ میاں کاشف نے اس بات پر زور دیا کہ اس نمائش سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔