کاروباری اعتماد بڑھ گیا، معاشی لحاظ سے مزید بہتری کی امید،سروے

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان گیلپ نے بزنس کانفیڈنس انڈیکس سروے کا 14 واں ایڈیشن جاری کردیا ۔ بزنس کانفیڈنس رپورٹ کے مطابق ملک کے اکثر کاروباری حلقوں کے اعتماد میں ناصرف اضافہ ہوا ہے ۔۔
بلکہ معاشی لحاظ سے مستقبل میں مزید بہتری کی امید بھی پیدا ہوئی ہے ۔ جاری کردہ سروے کے مطابق گزشتہ سال 2024کی چوتھی سہ ماہی کی رپورٹ میں 55فیصد کاروباری اداروں نے موجودہ ملکی معاشی صورتحال کو بہتر قرار دیا ہے جبکہ گزشتہ سال 2024 کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں 2024 کی چوتھی سہ ماہی میں ملک بھر کے کاروباری حلقوں کے اعتماد میں 10فیصد بہتری دیکھی گئی ۔ دوسری جانب خراب ترین کاروباری حالات کا تاثر دینے والے کاروباری اداروں کی تعداد میں مجموعی طور پر 7فیصد کمی آئی ہے مگر کاروباری صورتحال کی درجہ بندی کے وقت خدمات اور تجارت کے مقابلے میں مینو فیکچرنگ سیکٹر کا اعتماد کم بحال ہوا ہے جسکی بنیادی وجہ بجلی و گیس کی قیمتیں اور ترسیل کی رکاوٹ ہے ، اسکے علاوہ گیلپ سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کاروباری اداروں کے اعتماد میں گزشتہ 6ماہ کے مقابلے میں 19فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ 2024 کی چوتھی سہ ماہی میں 60 فیصد کاروباری اداروں نے مستقبل کے متعلق مثبت اور 40فیصد اداروں نے خدشے کا اظہار کیاہے ۔مجموعی طور پر گزشتہ سال کی دوسری سہ مائی کے مقابلے میں چوتھی سہ ماہی میں نیٹ بزنس کانفیڈینس سروے میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے اور اس کی بنیادی وجوہات مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں کمی، معاشی استحکام اور شرح سود میں مسلسل کمی ہے ۔