پاکستان کا آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری نقل و حرکت کی بحالی کا مطالبہ
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری نقل و حرکت کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔
آبنائے ہرمز پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کا واضح اور دو ٹوک مؤقف ہے، تنازع نے نہ صرف خطے بلکہ اس سے باہر بھی سب کو متاثر کیا، تنازع کی ابتدا ہی سے پاکستان نے مذاکرات کی بحالی کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی، جنگ بندی کو ترجیح دی، پاکستان نے 11، 12 اپریل کو اسلام آباد مذاکرات کی کامیاب میزبانی کی، یہ مذاکرات پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے، اسلام آباد مذاکرات کے ذریعے پاکستان جنگ کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان نے مشکل حالات میں خلیج تعاون کونسل ممالک سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال دنیا بھر کے ممالک پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، اگر عسکری کشیدگی اور رکاوٹیں برقرار رہیں تو انسانی مشکلات میں اضافہ ہوگا، یہ اثرات خطے میں پھیل کر وسیع معاشی مشکلات میں تبدیل ہو جائیں گے، ہم آبنائے ہرمز کو جلد دوبارہ کھولنے، حالات کو معمول پر لانے سے متفق ہیں۔