کراچی کےعوام کو کسی کے رحم و کرم پہ نہیں چھوڑیں گے، فاروق ستار
کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو بتانا چاہتے ہیں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا ہے کہ لوٹ مار کا اس وقت ایک بازار گرم ہے، اس شہر کو لینڈ مافیا کے حوالے کیا جارہا ہے، ہم مسلسل ایک سال وزیراعظم کو خط لکھ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں جرائم بڑھ رہے ہیں، کراچی جرائم پیشہ افراد کی آماج گاہ بنتا جارہا ہے، ہل پارک کا ایسا مطلب ہے جہاں پہاڑوں کا دامن ہوں، ہل پارک کی ذمہ داری مئیر کراچی کی ہے کہ وہ ان پہاڑوں کی حفاظت کرے، پی ای سی ایچ ایس کے ایڈمنسٹریٹر نے اس وقت تباہی مچا رکھی ہے۔
فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے مئیرز کے دور میں یہاں پلاٹنگ کی اجازت نہیں دی گئ، 1990 میں اگر ہل پارک پر پلاٹ کی منظوری کے کاغذات تھے تو اب تک کیوں انتظار کیا گیا؟، کسی بھی ماسٹر پلان میں ہل پارک کے اندر مزید پلاٹس نہیں ہے جبکہ مختلف افراد ہے جن سے انفرادی طور پر پیسے لئے گئے ہیں، خریدنے والوں کو بھی دیکھنا چاہیے کہ وہ کہاں پلاٹ خرید رہے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہل پارک کی زمین 62 ایکڑ پر مشتمل ہے جس میں پہاڑ شامل ہے، آج پہاڑ تو کل پارک کی زمین بھی فروخت کردی جائیگی ، ڈائریکٹر لینڈ نے کس قانون کے تحت ہل پارک میں پلاٹ کی این او سی دی جبکہ 23سال تک کراچی وفاق میں رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کوئی نئی بات نہیں کہ کراچی کو وفاق کے حوالگی کی بات ہورہی ہے، جب کراچی دارلخلافہ ختم ہوا اس کے بعد بھی وفاق کراچی کو چلاتا رہا، للی بریج کے نیچے 983 گز کے مقامات بیچ دئے گئے ہیں ہل پارک جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین کے حدود میں آتا ہے وہ کہاں ہے؟۔
فاروق ستار نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی کے قانونی مشیر ہے، جماعت اسلامی بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ملی ہوئی ہے، مئیر کراچی کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے کام رکوا دیا ہے تاہم مئیر کراچی تحقیقات کروائے کہ اجازت کس نے دی؟۔
انہون نے کہا کہ ہل پارک کے حوالے سے ڈائریکٹر لینڈ کے خلاف نیب تحقیقات کرے، گل پلازہ کی رپورٹ خاموشی سے عدالت سے لے کر کابینہ کو پکڑائی گئی، گل پلازہ کے حوالے سے رپورٹ کو پبلک کیا جانا چاہئے، اب تک سوالات کا جواب نہیں ملا کہ آگ کیسے لگی؟
فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا مئیر اگلے سال ہم بنائیں گے، بھرپور تعداد میں ہم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔