لبنان میں جنگ بندی: ایرانی سپیکر کی ریاست پاکستان، فیلڈ مارشل کی تعریف

تہران: (دنیا نیوز) لبنان میں جنگ بندی کروانے پر ایرانی سپیکر باقر قالیباف نے ریاست پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ ثالثی پر ریاست پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ریاست پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے جنگ بندی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی حزب اللہ اور مزاحمت کاروں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، ہم اس جنگ بندی سے احتیاط کے ساتھ نمٹیں گے، فتح کے مکمل احساس تک ساتھ رہیں گے، ہم اپنے عہد پر قائم ہیں۔

خیال رہے کہ اس قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف سے تہران میں ملاقات بھی کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی امور پر گفتگو کی۔

ایک روز قبل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں عباس عراقچی نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کا عزم مضبوط اور مشترک ہے، جو ہمارے گہرے دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر اس وقت دورہ ایران پر ہیں، اس حوالے سے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ تہران امریکہ اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں