امریکا ایران معاہدہ پر کام ابھی جاری، اسرائیل کا حقِ دفاع محفوظ رہے گا: روبیو
نئی دہلی: (دنیا نیوز) امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ پر کام ابھی جاری ہے، اسرائیل کے دفاع کا حق محفوظ رہے گا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے اور جوہری معاملات پر ایک حقیقی، اہم اور محدود مدت کے مذاکرات میں شامل ہونے کے حوالے سے ایک کافی مضبوط تجویز موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے ہم اسے کامیاب بنا لیں گے، خلیجی ممالک میں اس کی بھرپور حمایت موجود ہے، اور عالمی سطح پر بھی کافی حمایت حاصل ہے، ہر ملک جسے ہم نے اس منصوبے کے بارے میں بتایا، اس نے سمجھا کہ یہ نہ صرف بہت معقول ہے بلکہ دنیا کے لیے درست قدم بھی ہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی معاہدے تک پہنچنے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتے، صدر کوئی برا معاہدہ نہیں کریں گے، اس لیے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، ہم سفارت کاری کو کامیاب ہونے کا ہر ممکن موقع دیں گے، اس سے پہلے کہ ہم دوسرے متبادل راستوں پر غور کریں۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ اب بھی ممکن ہے، روبیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے تحت اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل رہے گا۔