شکارپور: باراتیوں سے بھری بس کو حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی

شکارپور: (دنیا نیوز) میان جو گوٹھ لنک روڈ پر باراتیوں سے بھری بس کو پیش آنے والے خوفناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 25 افراد زخمی ہوئے ہیں، حادثے کے بعد زخمی ہونے والے مزید دو افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے ہیں۔

شکارپور پولیس کا کہنا ہے کہ باراتیوں کی بس بلوچستان کے شہر اوستہ محمد سے میرپور برڑو جا رہی تھی کہ میان جو گوٹھ لنک روڈ پر تیز رفتاری کے باعث بس کا ٹائی راڈ ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھائی میں جا گری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں