بھارت کو عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، ندیم شریف

کراچی(بزنس رپورٹر)افواجِ پاکستان اور حکومت پاکستان کی موثر حکمتِ عملی اور کامیاب اقدامات کی بدولت ایک اہم قومی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔۔
جس پر بھارت کو عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق صدر ندیم شریف نے پوری قوم، پاک افواج اور حکومت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ندیم شریف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا نام نہ صرف خطے میں بلکہ پوری دنیا میں عزت و وقار سے لیا جا رہا ہے ، اور یہ سب افواجِ پاکستان اور حکومت کی دور اندیشی اور جرات مندانہ فیصلوں کا نتیجہ ہے ۔ عالمِ اسلام میں بھی پاکستان کی موجودہ قیادت کی کارکردگی اور پالیسیوں کو سراہا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس قومی خوشی کے موقع کو ایک اور مثبت قدم کی طرف بڑھاتے ہوئے حجاج کرام کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت سے اس حوالے سے تفصیلی مشاورت کی جائے تاکہ حجاج کرام بلا رکاوٹ اپنا دینی فریضہ ادا کر سکیں، اسی تناظر میں ندیم شریف نے مزید کہا کہ عازمین حج کو ریلیف ملنے کی صورت میں حکومتی خزانے کو بھی ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں خاطر خواہ آمدنی حاصل ہو سکتی ہے ،یہ اقدام نہ صرف مذہبی فریضے کی ادائیگی میں معاون ثابت ہوگا بلکہ ٹریول انڈسٹری کو بھی استحکام بخشے گا جو کئی سالوں سے مشکلات کا شکار ہے ۔ندیم شریف نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے ۔