امریکا کا ایرانی رہنماؤں کے متعلق معلومات پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان
تہران :(دنیا نیوز) امریکا نے ایرانی رہنماؤں کے بارے میں معلومات پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کر دیا۔
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے متعلق معلومات دینے پربھی انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ امریکا نے ایرانی رہنماؤں کو ’دہشت گرد رہنما‘ قرار دیتے ہوئے معلومات طلب کر لیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے معلومات دینے والوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔
دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب سے متعلق قیادت کے بارے میں معلومات مانگی گئیں، سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کے بارے میں معلومات طلب کی گئیں۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب بھی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں، علی اصغر حجازی سے متعلق معلومات پر بھی انعام کا اعلان کیا گیا ہے، میجر جنرل یحییٰ رحیم صفوی کے بارے میں معلومات مانگی گئیں۔
علاوہ ازیں بریگیڈیئر جنرل سکندر مومنی بھی امریکی فہرست میں شامل ہیں ، یہ افراد پاسداران انقلاب کے مختلف عناصر کی قیادت کرتے ہیں۔