حزب اللہ کا مختلف مقامات پر اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ

بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

تنظیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق بنت جبیل اور البیاضہ سمیت کئی مقامات پر اسرائیلی فوجیوں اور فوجی گاڑیوں کے اجتماعات پر راکٹ حملے کئے گئے جن کا مقصد دشمن کی پیش قدمی کو روکنا تھا۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج کو جانی و مالی نقصان پہنچا ہے، تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر ان دعوؤں کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بنت جبیل کے مشرقی علاقے میں ایک ڈرون حملہ بھی کیا گیا، جس میں مخصوص فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

تنظیم نے واضح کیا کہ یہ حملے لبنان کی خودمختاری اور اس کے عوام کے دفاع کے لیے کیے جا رہے ہیں، حزب اللہ کے مطابق اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے جاری کارروائیوں کے ردعمل میں یہ جوابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جب تک مبینہ جارحیت ختم نہیں ہوتی، اس قسم کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث بین الاقوامی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے، مبصرین کے مطابق اگر صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ تنازع مزید وسیع ہو سکتا ہے، جس کے اثرات پورے مشرق وسطیٰ پر مرتب ہوں گے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید نازک ہو گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں