اٹلی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے پوپ لیو پر تنقید کے بیان کو سختی سے مسترد کر دیا

روم: (دنیا نیوز) اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے پوپ پر تنقید کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ردعمل دیتے ہوئے ان کے بیان کو سختی سے مسترد کر دیا۔

اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے الفاظ ناقابل قبول ہیں، پوپ کیتھولک چرچ کے سربراہ ہیں اور ان کا امن کی اپیل کرنا اور ہر قسم کی جنگ کی مذمت کرنا بالکل درست اور فطری ہے۔

اطالوی وزیراعظم 2025ء میں ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کرنے والی واحد یورپی رہنما تھیں۔

 واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خلاف بیانات دینے پر کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کمزور اور خطرناک شخصیت قرار دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں پوپ لیو کا بڑا مداح نہیں ہوں، جرم کے معاملے میں پوپ لیو کمزور ہیں اور خارجہ پالیسی کے معاملے میں وہ خوفناک ہیں۔

پوپ لیو نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جنگ کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، چاہے اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان پر تنقید ہی کیوں نہ کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں