شہباز شریف سے کینڈین ہم منصب کا رابطہ، امن کی کوششوں پر مبارکباد دی
اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق اپنی گفتگو کے دوران کینیڈین وزیراعظم نے شہباز شریف کو پاکستان کی امن کوششوں پر مبارکباد پیش کی جن کی بدولت عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات منعقد ہوئے۔
پاکستان کی سفارتی کوششوں کے لیے کینیڈا کی توثیق اور حمایت کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ امریکہ ایران مذاکرات امن کی جانب ایک اہم قدم ہیں اور یقین دلایا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کی جانب بامعنی پیش رفت کے لیے دونوں فریقین پر زور دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کینیڈا کی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کینیڈین ہم منصب کو اُن کی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا جب کہ دونوں رہنماؤں کا قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا۔